LIVE

یاسرہ رضوی نے خود سے 10 سال چھوٹے شخص سے شادی کیوں کی؟

ویب ڈیسک
August 01, 2021
 

فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا

اداکارہ یاسرہ رضوی نے خود سے 10 سال چھوٹے شوہر اور  پروڈیوسر عبدالہادی کے ساتھ شادی سے متعلق سوالوں کا جواب دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ  یاسرہ رضوی کا میزبان عفت عمر کے شو میں  شرکت کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے میزبان کی جانب سے خود سے کئی برس چھوٹے  عبدالہادی کے ساتھ شادی سے متعلق سوال پر جواب دیا۔

یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ میرے شوہر میرے بہت اچھے دوست بھی ہیں، ہم زندگی کے ایک ایسےمقام پر ملے جب ہادی ایبٹ آباد سے نئے نئے آئے تھے، ان کی بہن میری اچھی دوست ہیں، ہمارے گھر نزدیک تھے لہٰذا  ہماری پہلی ملاقات بھی وہیں ہوئی۔

یاسرہ رضوی کے مطابق ہادی بالکل خاموش طبع تھے، میں اس وقت بہت موٹی ہوا کرتی تھی اور ہادی کو بھی باڈی بلڈنگ کی وجہ سے وزن کم کرنے میں دلچسپی تھی لہٰذا ہماری دوستی ہوگئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ہادی نے  بطور دوست  میری زندگی کے مشکل لمحات میں میرا ساتھ دیا اور میری زندگی کا عقلمندانہ فیصلہ تھا کہ میں نے شادی کے لیے دوست کو ترجیح دی، لیکن اس شادی کے بعد مجھے سوشل میڈیا پر نامناسب لفظوں کے ساتھ پکارا گیا جس نے کافی تکلیف پہنچائی۔

انہوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو صرف یہی کہنا چاہوں گی کہ کاش ایسے لوگوں کو شعور ہوتا اور  یہ لوگ سمجھ سکتے کہ رشتے جسم سے بہت بڑے ہوتے ہیں، عالمی سطح پر ہم نے ہر چیز کو جسم، عمر اور وضع قطع تک محدود کر دیا ہے جو افسوس کی بات ہے۔

یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ شادیاں تو احساس پر چلتی ہیں، دوستی پر، اعتماد پر اور ایک دوسرے کی سچائی چلتی ہیں، جتنی سچائی میری ہادی کو پتہ ہے کسی کو نہیں پتہ، اچھا مرد مل جانا کسے کہتے ہیں مجھے اب سمجھ آیا ہے۔