LIVE

منوج باجپائی نے حالیہ ویب سیریز کی کامیابی کے بعد معاوضے میں کتنا اضافہ کیا؟

ویب ڈیسک
August 04, 2021
 

معروف بھارتی اداکار منوج باجپائی کو مختلف ویب سیریز سمیت کئی بالی وڈ فلموں میں ان کی شاندار اداکاری کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے— فوٹو: فائل

معروف بھارتی اداکار منوج باجپائی کو مختلف ویب سیریز سمیت کئی بالی وڈ فلموں میں ان کی شاندار اداکاری کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔

حال ہی میں اداکار نے ایک بھارتی ٹی وی شو میں اپنی نئی ویب سیریز ’دی فیملی مین 2‘ کی کامیابی سے متعلق گفتگو کی جس میں انہوں نے زیادہ معاوضے کی وصولی کی قیاس آرائیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

منوج باجپائی نے اس حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے گذشتہ دو دہائیوں میں بہت مقبولیت حاصل ہوئی اور بغیر مانگے آسائشیں فراہم ہوئی ہیں،  اس حوالے سے سوال کرنا شرمناک ہے ، مجھے میرا حق ملتا ہے۔

مبینہ طور پر اداکار نے 9 اقساط پر مشتمل ’دی فیملی مین 2‘ کے لیے تقریباً 10 کروڑ بھارتی روپے وصول کیے ہیں جوکہ ہدایتکار سمیت سیریز کی مرکزی خاتون اداکارہ سے بھی زیادہ ہیں۔

’دی فیملی مین‘ کے دونوں سیزن کی کامیابی کے بعد اس کے تیسرے سیزن کی بھی امید کی جارہی ہے جس میں منوج باجپائی نے 10 کے بجائے 24 کروڑ روپے بطور معاوضہ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔