LIVE

نازیہ نے خود لکھوایا کہ شوہر نے انہیں کچھ کھلایا تھا اور برا سلوک کرتے تھے، زوہیب

ویب ڈیسک
August 12, 2021
 

پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب نے کہا ہے کہ نازیہ نے لندن میں حلف کے تحت جو بیان ریکارڈ کروایا تھا اس میں نازیہ نے خود لکھوایا کہ ان کے شوہر نے انہیں کچھ کھلایا تھا اور ان کے ساتھ برا سلوک کرتا تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں زوہیب حسن نے کہا کہ نازیہ اپنی زندگی میں اپنے ہاتھ سے لکھ چکی تھیں کہ وہ طلاق چاہتی ہیں انہوں نے نازیہ حسن کے سابق شوہر پر کوئی الزام نہیں لگایا۔

اس حوالے سے نازیہ کے سابق شوہر مرزا اشتیاق بیگ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ ان الزامات کے جواب میں زوہیب حسن پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے جارہے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اشتیاق بیگ نے کہا کہ زوہیب نہیں چاہتے تھے کہ نازیہ کی شادی کسی سے بھی ہو کیونکہ زوہیب کا گزر بسر نازیہ کی آمدنی پر ہی تھا۔  

خیال رہے کہ نازیہ حسن محض 35 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوکر 13اگست 2000 کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئی تھیں۔