LIVE

کابل سے غیرملکیوں کا انخلا، اقوام متحدہ کے 2 خصوصی طیاروں کی اسلام آباد آمد

افضل ندیم ڈوگر
August 22, 2021
 

افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کابل میں پھنسے غیرملکیوں کے انخلاء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

امریکا سمیت مختلف ممالک کی ائیر فورس کے طیارے کابل سے مختلف ممالک کے لیے مسلسل پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں، ایسے میں اقوام متحدہ کے دو خصوصی طیارے بھی غیرملکیوں خصوصاً اقوامِ متحدہ کے ارکان کو کابل سے نکالنے کے لیے اتوار کو پاکستان کی طرف متحرک دیکھے گئے ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کابل سے ٹیک آف کرنے والی اقوام متحدہ کی خصوصی پرواز  یو این او 201 نے اتوار کی صبح 11 بج کر 8 منٹ پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

اسی ادارے کی دوسری پرواز  یو این او  202 نے 11 بج کر 24 منٹ پر اسلام آباد لینڈنگ کی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ائیر فورس کی خصوصی پرواز  بھی کابل سے اسلام آباد کے درمیان پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکن ائیر فورس کے ایک درجن سے زائد طیارے کابل میں پھنسے غیر ملکیوں اور  افغانیوں کو قطر اور دیگر ائیرپورٹس پر منتقل کر چکے ہیں۔

رائل ائیر فورس کا کابل سے دبئی آپریشن جاری ہے، رائل آسٹریلین ائیر فورس کے طیارے بھی کابل سے دبئی آ اور جا رہے ہیں جبکہ اسپین ائیرفورس کا طیارہ بھی یو اے ای اور کابل کے درمیان متحرک ہے۔