LIVE

حاملہ خاتون کو سرِ عام برہنہ کرنے والے دو ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک
August 26, 2021
 

مظفر گڑھ میں حاملہ خاتون کو سرِ عام برہنہ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے ٹھٹھہ گورمانی میں حاملہ خاتون کو بے لباس کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزمان بلال اور عبدالعزیز یکم ستمبر تک ضمانت پر تھے۔

ان کے خلاف سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے جرم میں ایک اور مقدمہ متاثرہ خاتون کے کزن جمیل کی مدعیت میں تھانہ محمودکوٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو بے لباس کرنے کے مقدمے میں پانچواں نامزد ملزم رازق تاحال ضمانت پر ہے۔

خیال رہے کہ 8 اگست کو حاملہ خاتون شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر دوا لےکر گھر جارہی تھی کہ 5 ملزمان نے راستے میں گھیر کر روکا اور شرمناک حرکت کی، ملزمان نے خاتون کے شوہر پر بھی تشدد کیا۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کے بھائی پر ایک ملزم کی بہن سے زیادتی کا الزام ہے جس نے مبینہ طور پر بدلے کے لیے یہ گھناؤنی حرکت کی۔

 ریجنل پولیس آفیسر (آرپی او) ڈی جی خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کروائی جائےگی،ملزمان کو ضمانت کا موقع کیوں ملا؟اس بات کی انکوائری بھی کی جائےگی۔