طالبان کی جانب سے افغانستان میں نگران حکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کابینہ کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
طالبان شوریٰ کے رکن کے مطابق نگران حکومت میں تمام قبائلی رہنماؤں اور طالبان کمانڈرز کو شامل کیا جائے گا اور ابتدائی طورپر 12 ناموں پرغور کیا جارہا ہے۔
شوریٰ رکن نے بتایا کہ عدلیہ، داخلی سلامتی، امورخارجہ اور دفاع کیلئے تقرریاں کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ملٹری ونگ کے سربراہ ملایعقوب بھی قندھار سے کابل کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق امریکا بھی نئی انتظامیہ میں حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سمیت سابقہ حکومتوں کے بعض ارکان کی شمولیت پر زور دے رہا ہے۔