LIVE

دنیا میں سب سے زیادہ ویکسین کس ملک میں لگ چکی ہیں؟

ویب ڈیسک
August 30, 2021
 

سنگاپور دنیا کا سب سے زیادہ ویکسین لگانےو الا ملک بن گیا —فوٹو:فائل

سنگاپور  نے 80 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگا کر  ایک نمایاں اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سنگاپور اپنی 80 فیصد آبادی کو کورونا کی ویکسین لگا کر دنیا میں آبادی کے لحاظ سے سب سے زیادہ ویکسین لگانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق سنگاپور نے اپنی مجموعی 57 لاکھ افراد پر مشتمل آبادی میں سے 80 فیصد افراد کو کورونا ویکسین لگا دی ہے جبکہ باقی 20 فیصد آبادی کے لیے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔

سنگاپور کے وزیر صحت کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم نے 80 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگانے کا سنگ میل  عبور کرلیا ہے۔

 سنگاپور نے اپنی مجموعی(57 لاکھ افراد پر مشتمل)آبادی میں سے 80 فیصد افراد کو کورونا ویکسین لگادی ہے —فوٹو:فائل

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور میں مکمل ویکسی نیشن کی شرح دنیا کی بلند ترین شرح  ہے، دوسرے ممالک جن میں ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہے ان میں متحدہ عرب امارات، یوروگوئے اور چلی شامل ہیں جہاں 70 فیصد سے زائد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں کورونا ویکسی نیشن مہم شروع کرنے والے ملک سنگاپور  نے اپنے شہریوں کو فائزر، بائیو ٹیک اور موڈرنا ویکسین لگائی ہیں۔