LIVE

سی ویو میں پھنسا بحری جہاز بالآخر ڈیڑھ ماہ بعد گہرے پانی میں چلا گیا

افضل ندیم ڈوگر,علی عمران سید
September 07, 2021
 

کراچی کے ساحل سی ویو میں سمندر کے کنارے ریت میں دھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد بالآخر آج صبح کامیاب آپریشن کے ذریعے گہرے پانی میں پہنچادیا گیا۔

کراچی کے ساحل پر کنٹینروں سے لدا کارگو بحری جہاز 20 اور 21 جولائی کو ریت میں آپھنسا تھا جسے واپس گہرے پانی میں دھکیلنے کے لیے جتن کیے جارہے تھے اور آج بالآخر بحری جہاز کھلے سمندر میں پہنچ گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق گڈانی شپ بریکنگ کی ایان شپ بریکنگ کمپنی کے عملے نے جہاز کے ریسکیو میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، یہی کمپنی گزشتہ دنوں مرتبہ رسی ٹوٹنے کی وجہ سے شپ کو ریسکیو کرنے میں ناکام رہی تھی۔ 

کمپنی ذرائع کے مطابق آج بھی ٹگ ماسٹر سے ہی شپ کو نکالا گیا ہے مگر رسی دوسری طرح کی استعمال کی گئی۔

سی ویو پر پھنسے جہاز کو گہرے پانی میں بھیجنے کے آپریشن کو کامیاب قرار دے دیا گیا ہے اور  جہاز کا کنٹرول ٹگس نے حاصل کر لیا ہے۔ 48 دن تک ساحل پر پھنسے رہنے والا جہاز اب  3 ناٹیکل میل کی رفتار سے چلنے لگا ہے۔

اب جہاز کے رسے ٹوٹنے پر بھی ساحل پر واپسی کا امکان نہیں ہے، جہاز کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی جہازوں کی آمد و رفت کے چینل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

سالویج کمپنی کا کہنا ہے کہ جہاز میں نئے اینکرز نصب کیے جانے کے سبب اب اس کی واپسی کا امکان نہیں ہے۔

خیال رہے کہ  20 اور 21 جولائی کی رات  پانامہ میں رجسٹرڈ ہینگ ٹونگ 77،کراچی بندرگاہ پر جانے کے دوران اینکر ٹوٹ جانے کی وجہ سے سمندر کنارے ریت میں دھنس گیا تھا۔