LIVE

باتوں سے نہیں لگا کہ رمیز راجہ کپتان تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں: بابر اعظم

ویب ڈیسک
September 16, 2021
 

مجھے نہیں لگتا کہ چیئرمین رمیز راجہ مجھے یا ٹیم کو سپورٹ نہیں کر رہے: کپتان قومی ٹیم. فوٹو: فائل

راولپنڈی: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے باتوں سے کہیں ایسا نہیں لگا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کپتان تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں عموماً بیٹنگ کنڈیشنز ہوتی ہیں، کوشش ہو گی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو مدِنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اسپنرز کو کھلانے کا پلان ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ عبداللہ شفیق بہت اسٹائلش کھلاڑی ہیں، ان کی پرفارمنس میں بھی بہتری نظر آ رہی ہے، اوپنرز پرفارمنس دے رہے ہیں اس لیے عبداللہ کو چانس نہیں مل رہا۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں عبداللہ شفیق ایک بہترین بیٹسمین بنیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا مجھے نہیں لگتا کہ چیئرمین رمیز راجہ مجھے یا ٹیم کو سپورٹ نہیں کر رہے، باتوں سے کہیں ایسا نہیں لگا کہ رمیز راجہ کپتان تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا میں نے اور شاداب خان نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے، نئی حکمت عملی اپنانے میں تھوڑا سا وقت ضرور لگتا ہے۔