LIVE

ویڈیو:طالبان فورسز نے زنجیروں میں جکڑا 13 سالہ مغوی بچہ بازیاب کروالیا

ویب ڈیسک
September 17, 2021
 

طالبان فورسز نے افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں اغوا کاروں سے جھڑپ کے بعد 13 سالہ مغوی بچے فیض اللہ کو بازیاب کرالیا۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم کی جانب سے ایک ویڈیوشیئر کی گئی ہے۔

ویڈیو میں 13 سالہ فیض اللہ کے پیروں میں زنجیر بندھی دیکھی جاسکتی ہے، جبکہ فیض اللہ کے گرد کھڑے افراد کو  تیز دھار آلے کی مدد سے فیض اللہ کے پیروں  کی زنجیریں کاٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر محمد نعیم کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ روز اغوا کاروں سے جھڑپ کے بعد طالبان فورسز 13 سالہ مغوی بچے کو بازیاب کرانے میں کامیاب ہوگئی۔

ٹوئٹ کے مطابق ،  طالبان فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ایک اغوا کارہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نعیم نے مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے اغواکاروں کی جانب سے 13 سالہ فیض اللہ کو اغوا کیا گیا تھا جبکہ اغواکاروں نے فیض اللہ کے اہل خانہ سے بچے کی رہائی کے بدلے بڑی رقم کا مطالبہ بھی کیا تھا۔