LIVE

ترین کے حامی اراکین اسمبلی انکا ساتھ چھوڑنے لگے، مزید اراکین کی وزیراعلیٰ سے ملاقات

ویب ڈیسک
September 24, 2021
 

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کر کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال، خواجہ داؤد سلمانی اور عبد الحئی دستی نے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے رہنماؤں نے عثمان بزادر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان پہلے ہی ترین گروپ سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں جبکہ سردار خرم لغاری نے بھی گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔

ذرائع ایوان وزیر اعلیٰ نے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین کی جانب سے بھی رابطوں کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ترین گروپ کے مزید اراکین وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔