LIVE

کراچی پولیس کو احکامات سمجھ نہ آئے، ویکسین کارڈ نہ ہونے پر شہریوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی

ویب ڈیسک
September 24, 2021
 

سندھ پولیس کے حکام ویکسینیشن سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات سمجھنے سے قاصر ہیں۔

سندھ حکومت نے مختلف شعبوں کے متعلقہ افراد کے ویکسینیشن کارڈ چیک کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پولیس نے راہ چلتے 2 افراد کو ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے پر گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا۔

کراچی میں اب تک 33 افرد کو ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات واضح نہیں، کارروائی کیلئے کہا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے پبلک ڈیلنگ والے اداروں کے عملے کی ویکسینیشن لازمی قرار دی تھی جبکہ ٹرانسپورٹ،انڈسٹریز اور مارکیٹس میں عملے کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی تھی۔

این سی او سی کے مطابق کراچی میں اب تک صرف 50 لاکھ افراد کی ویکسینیشن ہوئی ہے جبکہ مردم شماری کے مطابق بھی سوا کروڑ افراد کی ویکسینیشن باقی ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے محکمہ داخلہ کے احکامات کو کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ویکسینیشن کارڈ نہ ہونے پر روکااور رشوت لے کر چھوڑ دیا۔