LIVE

ہمیں سب سے بڑا مسئلہ فیک نیوز اور پراپیگنڈے سے ہے: وزیراعظم

ویب ڈیسک
September 24, 2021
 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ ان پر تنقید کریں تو سچی تنقید کریں جب کہ ہمیں سب سے بڑا مسئلہ فیک نیوز اور پراپیگنڈے سے ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کے آغاز کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا ڈیجیٹل میڈیاکی طرف جارہی ہے، نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل میڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کےآغاز پر بہت خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کبھی بھی خودکو کمترنہ سمجھیں اور ہمیشہ بڑےاہداف کے حصول کے لیے کوشاں رہیں،  جتنی جدوجہدکریں گے آپ کو اتنا ہی پھل ملے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم فلاحی ریاست کی طرف سفر کررہے ہیں جس معاشرے میں انصاف ہو وہاں میرٹ ہوتا ہے، بڑے لوگ چوری کرتے تھے انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، قانون کی حکمرانی سب سے اہم ہے، ہم طاقتورکو بھی کہہ رہے ہیں کہ حساب دو، ہمیں طاقتورکو قانون کے نیچے لانا ہے، تین سالوں سے شور مچا ہوا ہے لیکن طاقتور کو قانون کے نیچے آنا ہوگا، این آر او کیا ہے، یہ طاقتور ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم خاص ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سب سے بڑا مسئلہ فیک نیوز اور پراپیگنڈے سے ، صحافت میں جھوٹی خبر والا زیادہ دیر پائیدار نہیں ہوسکتا، ہماری حکومت چاہتی ہے سچ لکھیں، جس طرح ہم نے میڈیا کو آزاد چھوڑا ہے پاکستان کی تاریخ میں کبھی میڈیا اتنا آزاد نہیں ہوا، آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے حوالے سے تین بڑے اخباروں نے فرنٹ پیج پر لکھا کہ زائچہ نکال کر یا جادو کی وجہ سے انہیں وزیراعظم منتخب کیا گیا، اگر یہی انگلینڈ میں لکھتے تو مجھے کم از کم ملین ڈالرز ملتے جو میں چیریٹی کو بھیجتا۔