LIVE

سدھارتھ کی موت کے بعد شہناز گِل کا پہلا انٹرویو

ویب ڈیسک
October 14, 2021
 

بھارت کی معروف اداکارہ شہناز گِل کا اپنے قریبی دوست آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد دیا گیا پہلا انٹرویو وائرل ہورہا ہے۔

شہناز گِل سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد تقریباً ایک سے زائد ماہ تک منظر سے غائب رہنے کے بعد اب میڈیا کے سامنے آئی ہیں اور ان دنوں 15 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’حوصلہ رکھ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔

فلم کی پروموشن کے دوران شہناز گِل نے سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد پہلا انٹرویو دیا جس کے آج کل سوشل میڈیا پر چرچے ہیں۔ 

انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ وہ کافی جذباتی ہیں اور انہیں جذبات پر قابو نہیں رہتا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ اداکارہ کہہ رہی ہیں کہ میں بہت اونچا ہنستی ہوں، اور روتی بھی کافی اونچا ہوں۔ 

شہناز کی ویڈیو پر صارفین کی بڑی تعداد نے فلم میکرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہناز کی حالت دیکھی جاسکتی ہے، انہیں یوں پروموشن کیلئے میڈیا کا سامنا کرنے پر زور نہیں دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ رواں برس 2 ستمبر کو مشہور رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔