LIVE

بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، وزیراعظم کے پرانے بیان کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
October 16, 2021
 

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ فوٹو فائل

وزیراعظم عمران خان کا ماضی میں دیا گیا مہنگائی سے متعلق ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے ماضی میں کہا تھا کہ جب بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو تو سمجھ جائیں کہ آپ کا وزیراعظم چور ہے۔

تاہم اب ٹوئٹر صارفین کی بڑی تعداد اس بیان کو شیئر کرتے ہوئے اپنے تبصرے پیش کررہی ہے۔

 ن لیگ کے دورِ حکومت کا ایک اور ویڈیو کلپ بھی وائرل ہورہا ہے جب عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر کہا تھا کہ جب عوام پر ٹیکس لگاتے ہیں تو غربت بڑھ جاتی ہے، عوام پر جتنا ٹیکس لگتا ہے قوم اتنی ہی غریب ہوتی ہے۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ عوام پر جتنا ٹیکس لگتا ہے، اتنی ہی اس کی قوتِ خرید کم ہو جاتی ہے لیکن صرف ایک طبقہ امیر ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 137 روپے 79 پیسے کا ہوگیا۔