LIVE

'ملک بدترین مہنگائی کا شکار ہے اور حکومت خاتون صحافی کی کردارکشی میں مصروف ہے'

ویب ڈیسک
October 23, 2021
 

  اختلاف رائے کو کچلنا حکومت کا ایک عمومی رویہ بن چکا ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی،فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیئر صحافی عاصمہ شیرازی کے خلاف منظم ہراسانی کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ ملک بدترین مہنگائی کا شکار ہے اور حکومت ایک خاتون صحافی کی کردارکشی کی مہم میں مصروف ہے۔

ترجمان کے مطابق ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ  اختلاف رائےکوکچلنا حکومت کا ایک عمومی رویہ بن چکا ہے، ملک بدترین مہنگائی کا شکار ہے اور حکومت ایک خاتون صحافی کی کردارکشی کی مہم میں مصروف ہے۔

بلاول کا کہنا ہےکہ پوری صحافی برادری عاصمہ شیرازی کےساتھ کھڑی ہے، حکومت ہوش کےناخن لے، عاصمہ شیرازی کا معاملہ انفرادی نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہےکہ  سچ سے خوف زدہ حکومت دھونس، دھمکی اور عوام کے حق میں اٹھنے والی آوازوں کو دبانا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہےکہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے صحافیوں پرحملےکا مطلب ہےکہ حکومت کے پاس بحرانوں کا کوئی حل نہیں ہے۔