LIVE

عالمی سطح پر تیل مہنگا، بھارت میں عوامی ریلیف کیلئے پیٹرول پر ٹیکس کم کردیا گیا

ویب ڈیسک
November 04, 2021
 

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ناصرف اس کی کھپت میں اضافہ ہو گا بلکہ مہنگائی کی شرح بھی کم ہو گی: مودی سرکار۔ فوٹو: فائل

دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود بھارت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر عائد ٹیکسز کم کر دیئے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باعث جہاں عالمی معیشتوں میں بہتری آ رہی ہے وہیں بین الاقوامی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے اور خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود بھارتی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی حکومت نے پیٹرول پر عائد ایکسائز ڈیوٹی میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کا مقصد بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی اور ملکی معاشی صورت حال میں بہتری کی حوصلہ افزائی ہے۔

مودی سرکار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ناصرف اس کی کھپت میں اضافہ ہو گا بلکہ مہنگائی کی شرح بھی کم ہو گی جس سے مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس طبقے کو فائدہ ہو گا۔