LIVE

ٹم پین نے کرکٹ تسمانیہ کی سابق ملازمہ کو نازیبا پیغامات بھیجنے کا اعتراف کرلیا

ویب ڈیسک
November 19, 2021
 

آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان ٹم پین نے کرکٹ تسمانیہ کی سابق ملازمہ کو نازیبا پیغامات بھیجنے کا اعتراف کرتے ہوئے  معافی مانگ لی۔

ایشیز سیریز سے قبل آسٹریلیا کرکٹ میں بھونچال آ گیا،ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نازیبا پیغامات کے معاملے پر قیادت سے دستبردار ہو گئے ۔ 

ٹم پین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں ، فیصلہ کرنا مشکل تھا لیکن ان کے، ان کی فیملی اور کرکٹ کے لیے یہ اچھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیغامات کے معاملے پر افسوس ہے وہ پیغامات پبلک ہوئے تو کپتانی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ۔

ٹم پین نے کہا کہ ان کا عمل آسٹریلوی ٹیم کی قیادت اور کمیونٹی کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔  

آسٹریلوی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹم پین نے 18-2017کی ایشیز سیریز کے دوران کرکٹ تسمانیہ کی ایک سابق خاتون ملازم کو نازیبا پیغامات بھیجے ، اس وقت ان پیغامات کا تبادلہ ہوا بعد میں خاتون نے مختلف فورم پر شکایات بھی کیں ۔ 

ایک مرتبہ پھر یہ معاملہ میڈیا میں آنے پر اسکینڈل کی شکل اختیار کر گیا اور ایشیز سیریز جس میں تین ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ، ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کا اعلان بھی ہو چکا ، ایسے میں ٹم پین نے قیادت سے استعفیٰ دے دیا ہے ،جو کرکٹ آسٹریلیا نے منظور کر لیا ۔

کرکٹ آسٹریلیا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ  نئے کپتان کا اعلان جلد ہو گا ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ماضی میں ہونے والی تحقیقات میں ٹم پین کا عمل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں تھا لیکن بورڈ ٹم پین کےعمل کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا ۔

کرکٹ آسٹریلیا  کا کہنا ہے کہ ہم ٹم پین کے فیصلے کو سراہتے ہیں  ، وہ بطور کھلاڑی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشیز سریز 8 دسمبر سے شروع ہوگی۔