LIVE

سیالکوٹ واقعے پر سری لنکن وزیراعظم کا ردعمل بھی سامنے آ گیا

ویب ڈیسک
December 04, 2021
 

پاکستان میں شدت پسند ہجوم کے ہاتھوں پریانتھا دیاودانا کے بہیمانہ اور سفاکانہ قتل کو دیکھ کر حیرت ہوئی: سری لنکن وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری منیجر کے واقعے پر سری لنکن وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

 گزشتہ روز سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے توہین رسالت ﷺ کے الزام میں غیر ملکی فیکٹری منیجر کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو آگ لگا دی تھی جس کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو سخت سزا دلوانے کا اعلان کیا تھا۔

سیالکوٹ واقعے کی مذہبی و سیاسی طبقے سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید مذمت کی ہے۔

اب سری لنکن وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے نے بھی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شدت پسند ہجوم کے ہاتھوں پریانتھا دیاودانا کے بیہمانہ اور سفاکانہ قتل کو دیکھ کر حیرت ہوئی۔

سری لنکن وزیراعظم نے لکھا کہ میرا دل قتل ہونے والے فیکٹری منیجر کی اہلیہ اور بچوں کے لیے دکھی ہے۔

مہندا راجہ پاکسنے نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ سری لنکا اور یہاں کے عوام کو امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنا وعدہ پورہ کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔