LIVE

لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلز پارٹی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ، آصف علی زرداری

ویب ڈیسک
December 06, 2021
 

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلز پارٹی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے  —فوٹو: فائل 

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے این اے 133میں شاندار کارکردگی  پر کارکنوں کومبارکباد باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کی قیادت اورکارکنوں کی محنت رنگ لائی ۔

 سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلز پارٹی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کی قیادت اورکارکنوں کی محنت رنگ لائی ہے جبکہ  پیپلز پارٹی نے لاہورمیں نیا جنم لیا ہے جوپنجاب میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کو  بھی مبارک باد دی۔

 بلاول بھٹو زرداری کی  انتخابی مہم میں متحرک عہدیداران کو شاباش

 چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےاپنے ایک بیان میں این اے 133 کی انتخابی مہم میں متحرک عہدیداران کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نےعام انتخابات کے مقابلےمیں 50 فیصد سے کم ووٹ حاصل کیے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ  پیپلزپارٹی نے لاہور میں ایک نئی کروٹ لی ہے، اگلا دور اور  پنجاب کا اگلا وزیراعلٰی پیپلزپارٹی سے ہوگا۔

واضح رہے کہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی شائستہ پرویز ملک نے کامیابی حاصل کرلی تاہم ن لیگ کو 2018کے عام انتخابات کے مقابلے میں کم ووٹ ملے ہیں۔

اس کے علاوہ غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گِل 32313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پیپلزپارٹی کے اسلم گِل نے 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں 26 ہزار 728 ووٹ زیادہ حاصل کیے جبکہ انہوں نے 2018 کے الیکشن میں 5585 ووٹ لیے تھے۔