LIVE

کرائسٹ چرچ مسجد حملہ، پاکستانی ہیرو نعیم رشید کے نام نیوزی لینڈ کا اعلیٰ ترین ایوارڈ

ویب ڈیسک
December 16, 2021
 

کرائسٹ چرچ مسجد پر حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں جان دینے والے پاکستانی ہیرو نعیم رشید کو نیوزی لینڈ کے اعلیٰ ترین بہادری ایوارڈ 'نیوزی لینڈ کراس' سے نواز دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ آور سے مقابلے کے دوران زندہ بچنے والے عبدالعزیز کو بھی نیوزی لینڈ کراس دیا گیا۔

مسجد حملے میں بچ جانے واکے عبدالعزیز—فوٹو: اے پی

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس حوالے سے کہا کہ یہ ایوارڈ وکٹوریا کراس کے مساوی سویلین ایوارڈ ہے جو نیو زی لینڈ میں اس سے پہلے صرف دو بار دیا گیا ہے۔

کرائسٹ چرچ حملے کا مقابلہ کرنے والے مزید 8 افراد کو بہادری کے میڈل دیے گئے، ان میں حملہ آور کو گرفتار کرنے والے دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2019 میں کرائسٹ چرچ مسجد پر  دہشت گرد نے حملہ کیا تھا جسے  روکنے کی کوشش میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نعیم رشید کے علاوہ ان کا 22 سالہ بیٹا طلحہ نعیم اور 51 مسلمان شہید ہوئے تھے۔