LIVE

کے پی میں جے یو آئی کی جیت کا مطلب ملک میں سب کچھ ٹھیک نہیں: فواد

ویب ڈیسک
December 21, 2021
 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جیت پر مایوسی ہوئی، ان کی جیت کا مطلب ہے کہ ملک میں سب کچھ ٹھیک نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ مذہبی طور پر متشدد لوگوں کو اقتدار ملنا ٹھیک نہیں اور فضل الرحمان کو اقتدار ملنا بدنصیبی ہے، بڑی بدقسمتی ہے کہ ہماری غلطیوں کی وجہ سے ایک ایسی جماعت جیتی ہے جسے ختم ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک حلقے میں جب ایک پارٹی کے تین چار افراد الیکشن لڑیں گے تو ہارنا ہی ہے ، صرف پی ٹی آئی ہی ملک گیر جماعت ہے باقی تو لوکل جماعتیں ہیں، پی ٹی آئی اگر نہیں ہوگی تو ملک میں کوئی قومی جماعت نہیں ہوگی۔

سابق صدر کی گفتگو پر فواد کا کہنا تھاکہ آصف زرداری کی گفتگو سے مایوسی جھلکتی نظر آئی ہے، زرداری صاحب کی بھی خواہش پوری نہیں ہوئی، ان کو ڈیل کی بو لگ جائے تو سارے پالش لے کر پہنچ جاتے ہیں، یہ لوگ اسی تنخواہ پر کام کریں گے۔

خیال رہے کہ  19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے اپ سیٹ کیے ہیں۔

4 میں سے 3 شہروں کے میئرز کی نشستیں جیت گئے جس میں تحریک انصاف کا گڑھ سمجھے جانے والا صوبائی دارالحکومت پشاور بھی شامل ہے۔