LIVE

بچوں کو سمجھائیں کہ ’ٹھا ٹھس ٹھس ٹھا‘کرنا چھوڑ دیں: وسیم اکرم

ویب ڈیسک
January 01, 2022
 

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے سال نو کے حوالے سے والدین کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

سال نو کے موقع پر پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی رات 12 بجتے ہی آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔

ہر سال کی طرح اس بار بھی پاکستان کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی رات گئے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے۔

وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے سب کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مجھے ایک درخواست کرنی ہے جو بہت ہی ضروری ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا ہم ذرا اپنے بچوں کو سمجھائیں کہ وہ شو آف (دکھاوا) کرنا بند کر دیں، رات کے 12 بجے جا کر فائرنگ، ٹھا ٹھس ٹھس ٹھا، ایندے تسی ریمبو ٹھہردے نہیں (اتنے ریمبو آپ ہیں نہیں)۔

ان کا کہنا تھا کہ جائیں اور کچھ پٹاخے خرید لیں جیسے میں نے آخری مرتبہ اپنی بیٹی کے لیے چھوٹے انار، پھلجڑیاں لیں، اس طرح کی چیزیں کر لو۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا یاد رکھو کہ جس گولی نے اوپر جانا ہے اس نے نیچے بھی آنا ہے اور نیچے آکر کسی کو بھی لگ سکتی ہے وہ آپ کا کوئی رشتے دار ہو سکتا ہے، سڑک پر جاتا ہوا کوئی بندہ بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو بدلنا ہو گا، ہم 70 کی دہائی کی چیزیں اب بھی کرتے جا رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ میرا پیغام آپ کو سمجھ آ جائے گا۔