LIVE

یادداشت سے بنائے گئے گھر کے نقشے نے 30 سال بعد ماں کو بیٹے سے ملوا دیا

ویب ڈیسک
January 02, 2022
 

چین میں 30 سال قبل اغوا کیا گیا شخص بالآخر اپنی ماں سے مل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لی جینگ وی صرف 4 برس کا تھا جب اسے اس کا پڑوسی لالچ دے کر گھر سے دور لے گیا اور  پھر اسے بچوں کی اسمگلنگ کرنے والوں کو فروخت کر دیا۔

24 دسمبر کو جینگ وی نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ڈوئین پر اپنی یادداشت کی مدد سے ایک نقشہ تیار کیا اور اسے شیئر کر دیا جسے پولیس نے ایک چھوٹے سے گاؤں میں مقیم ایک عورت کو دکھایا جس کا بیٹا غائب ہو گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ماں اور بیٹے کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے گئےجس کے بعد چینی صوبے یننان میں 3 دہائیوں سے بچھڑے ماں بیٹا آپس میں مل گئے۔

دونوں ماں بیٹے کے اس ملن کا لمحہ انتہائی دل سوز تھا—فوٹو: جیمو نیوز

لی جینگ وی نے نقشے میں اپنا گاؤں اور گھر کے اطراف کا علاقہ بنایا تھا، ساتھ ہی اس نے ایک ویڈیو  پیغام بھی جاری کیا جس میں اس نے بتایا تھا کہ 1989 میں ایک پڑوسی اسے بہلا پھسلا کر گھر سے دور لے گیا اور  پھر فروخت کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق ماں بیٹے کے اس ملن کا لمحہ انتہائی رقت آمیز تھا جس میں دونوں ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو  پڑے۔