LIVE

عورت کو تکلیف دینا خدا کی توہین کے مترادف ہے: پوپ فرانسس

ویب ڈیسک
January 02, 2022
 

چونکہ خواتین محبت سے ہر رشتے کو اکٹھا کرکے رکھتی ہیں تو ہمیں چاہیے کہ خواتین اور ماؤں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، پوپ—فوٹو: رائٹرز

ویٹی کن سٹی: کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے نئے سال کے آغاز پر کی جانے والی تقریر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز  اٹھائی۔

ہفتے کے روز ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز باسلیکا چرچ میں سالِ نو کے موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب ہوئی جس سے خطاب میں 85 سالہ پوپ فرانسس نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کرنا اہم ہے۔

پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک خاتون کو تکلیف پہنچانا خدا کی توہین کرنے جیسا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں خواتین کو خاص طور پر  خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین دنیا کو ذاتی فائدے کی نظر سے نہیں دیکھتیں، وہ امن کا پیکر ہیں کیونکہ وہ زندگی اس دنیا میں لانے کا سبب بنتی ہیں۔

پوپ فرانسس نے یہ بھی کہا کہ چونکہ خواتین محبت سے ہر رشتے کو اکٹھا کرکے رکھتی ہیں تو ہمیں چاہیے کہ خواتین اور ماؤں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔