LIVE

دبئی سے کراچی آنیوالے تاجر کی شادی کا مسروقہ سامان برآمد

افضل ندیم ڈوگر
January 14, 2022
 

گھر پہنچ کر چیک کیا تو معلوم ہوا کہ ان کے پاس شادی کے قیمتی سامان کے گتے کا ایک کاٹن تھا جو غائب تھا، تاجر— فوٹو: پولیس

دبئی سے کراچی پہنچنے والے تاجر کی فیملی کا ائیرپورٹ سے چوری کیا گیا شادی کا سامان پولیس نے برآمد کرلیا۔

ائیرپورٹ تھانے کے حکام کے مطابق 14 جنوری کو محمد ظفر نامی مقامی تاجر نے ائیرپورٹ تھانے میں اطلاع دی کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے 12 جنوری کو دبئی سے امارات ائیر لائن کی پرواز ای کے 602 کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔ 

تاجر کے مطابق ائیر پورٹ سے وہ فیملی کے ہمراہ اپنے گھر چلے گئے، گھر پہنچ کر چیک کیا تو معلوم ہوا کہ ان کے پاس شادی کے قیمتی سامان کے گتے کا ایک کاٹن تھا جو غائب تھا۔ 

پولیس حکام نے کہا ہے کہ اطلاع پر وہ فوری طور پر ائیرپورٹ پر پہنچے اور انکوائری اور تدبیر سے مذکورہ بالا سامان برآمد کرلیا۔

حکام نے بتایا کہ شکایت کنندہ کو اپنا لگ بھگ ایک لاکھ روپے مالیت کا سامان ملنے کی قطعی امید نہیں تھی لیکن اگلے دن جب وہ اس سلسلے میں معلوم کرنے کیلئے تھانے پہنچے تو انہیں مکمل سامان دے دیا گیا۔