LIVE

شوکاز نوٹس کا معاملہ، پی ٹی آئی رکن اسمبلی نور عالم کا ردعمل سامنے آگیا

ویب ڈیسک
January 17, 2022
 

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرنے کے معاملے پر رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کا ردعمل سامنے آگیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں نور عالم خان کا کہنا تھاکہ پرویزخٹک مجھے کس حیثیت میں شوکاز جاری کریں گے؟ پرویز خٹک پارٹی کے چیئرمین نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں کی، بتایا جائے میں نے کہاں پارٹی کے کوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی؟

نورعالم خان کا کہنا تھاکہ مہنگائی اور بیروزگاری پربات کرناخلاف ورزی ہے تو میں نےکی ہے اور کرتا رہوں گا، پھر مجھے ایک نہیں 100 بار شوکاز جاری کیے جائیں، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

رکن قومی اسمبلی  کا کہنا تھاکہ میں منتخب نمائندہ ہوں، عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا میری ذمہ داری ہے اور میں یہ ذمہ داری ادا کرتا رہوں گا۔

خیال رہے کہ حکومت پر تنقید کرنے پر پی ٹی آئی نے اپنے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو شوکاز جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نور عالم خان کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدرپرویز خٹک شوکاز جاری کریں گے۔

واضح رہےکہ نور عالم خان نے جیو نیوز کے پروگرام 'جرگہ' اور اسمبلی فلور پر سینیئر قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی۔