LIVE

مری سیاحوں کیلئے کھل گیا، متوقع برفباری کے پیش نظر ٹریفک پلان جاری

ویب ڈیسک
January 18, 2022
 

ملکہ کوہسار مری میں آج سے سیاحوں کو داخل ہونے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے جب کہ متوقع برفباری کے باعث راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ( سی ٹی او) کے مطابق سیاحوں کو آج سے مری میں داخلے کی مشروط اجازت ہوگی اور یومیہ 8 ہزار گاڑیوں کوصبح 5سے شام 5بجے تک شہر میں داخل ہونے دیا جائے گا، شہر میں تقریباً3500گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ مری کے ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پرخصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں، مری جانے کی اجازت لائسنس ہولڈر ڈرائیور ز کو ہی دی جائے گی۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ سیاح ریڈیو اسٹیشن 88.6 اورٹریفک پولیس کےآفیشلزسوشل میڈیا پیجزسے باخبر رہ سکتے ہیں، برفباری کے دوران مری آنے والےمکینکلی درست گاڑی کا انتخاب کریں۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے یہ بھی کہا کہ سیاح روڈ پر کھڑے ہوکر سیلفیاں بنانے سے گریز کریں۔

'اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں'

سی ٹی اور نے احتیاط برتنے اور مری آتے وقت اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرکا انتخاب کریں۔

اس کے علاوہ سخت سردی کے پیش نظر گاڑی میں گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاءضرور رکھیں، گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور پر بند نہ کریں۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے مری میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے مگر یہ حالیہ برفباری جیسی نہیں ہوگی، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔