LIVE

شاہین نے کس چیز پر قابوپانا ہے اور ان کی کون مدد کرتا ہے؟

ویب ڈیسک
January 18, 2022
 

فاسٹ بولرز کا انداز جارحانہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے انہیں غصہ بھی آتا ہے:شاہین شاہ/ فوٹو جیونیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی ٹیم  لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا ہے کیونکہ ان کی پرفارمنس بہتر ہوگی تو وہ دوسروں پر سوال اٹھا سکیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کے پری کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کی اور اس دوران کہا کہ  فاسٹ بولرز کا انداز جارحانہ ہوتا ہے جس  کی وجہ سے انہیں  غصہ بھی آتا ہے  لیکن جب آپ کپتان ہوتے ہیں تو پھر آپ کو غصہ کنٹرول کرنا پڑتا ہے اور  پرسکون رہتے ہوئے سب سے کام لینا پڑتا ہے ۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ  کپتانی کی وجہ سے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے ، ذمہ داری بڑھ جاتی ہے  تاہم اس ذمہ داری کا دباؤ نہیں ہوتا بس ذمہ داری لینا پڑتی ہے ۔

شاہین کی مدد کون کرتا ہے؟

لاہور قلندرز کے کپتان کے مطابق، اس کے ساتھ مجھے یہ بھی اندازہ ہے کہ مجھے اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر کرنا ہے میری پرفارمنس بہتر ہو گی تو میں دوسروں سے ان کی پرفارمنس کے حوالے سے بات کروں گا۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ   مجھے محمد حفیظ کی وجہ سے خاصی مدد مل رہی ہے وہ سینئر کھلاڑی ہیں  میں ان سے پوچھتا ہوں اور سیکھتا ہوں جس کا مجھے فائدہ ہو رہا ہے ۔

دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے  لاہور قلندرز کے پری کیمپ سے متعلق گفتگو میں کہا کہ کیمپ اچھا رہا جس میں   دستیاب کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اس دوران   مجھے کھلاڑیوں کو اور کھلاڑیوں کو مجھے سمجھنے کا موقع ملا ۔

شاہین کا مزید کہنا تھا کہ  کیمپ میں محمد حفیظ جیسے سینئرکھلاڑی کے ہونے کا بہت فائدہ ہوا ۔