LIVE

سپریم کورٹ بار نے فائزعیسٰی نظرِ ثانی کیس کا تحریری فیصلہ تاریخی قرار دیدیا

ویب ڈیسک
January 30, 2022
 

سپریم کورٹ بار  ایسوسی ایشن کے صدر  احسن بھون نے جسٹس قاضی فائزعیسٰی نظرِ ثانی کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور اہم سنگِ میل قرار دے دیا۔

ایک بیان میں احسن بھون کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں تمام آئينی و قانونی پہلوؤں کو سامنے لایا گیا جنہیں گزشتہ فیصلے میں نظر انداز کردیا گيا تھا۔

 احسن بھون کا کہنا ہےکہ حکومت کو جسٹس یحییٰ آفریدی کا نوٹ باریک بینی سے دیکھنا چاہیے اور اس میں جن کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ان کا کسی الیکٹڈ آفس میں رہ جانا اب ممکن نہیں، یہ فیصلہ بالکل آزادانہ ہے۔

 خیال رہےکہ سپریم کورٹ نےگزشتہ روز جاری کردہ تحریری فیصلے میں قرار دیا تھا کہ سپریم کورٹ کا جسٹس فائز عیسیٰ کی فیملی کے خلاف ایف بی آر کو تحقیقات کا حکم دینا غلط تھا، سرینا عیسیٰ کے ٹیکس کا کیس سپریم جوڈیشل کونسل کو نہیں بھیجا جاسکتا، جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور ان کے اہل خانہ کا ٹیکس ریکارڈ غیر قانونی طریقے سے اکھٹا کیا گیا۔