LIVE

مارک زکربرگ کی دولت ایک دن میں 29 ارب ڈالرز کم ہو گئی

ویب ڈیسک
February 04, 2022
 

فیس بک اور اس کی مالک کمپنی میٹا کے بانی مارک زکربرگ کی مجموعی دولت میں صرف ایک دن میں 29 ارب ڈالرز کی کمی ہوئی ہے —فوٹو: فائل 

فیس بک اور اس کی مالک کمپنی میٹا کے بانی مارک زکربرگ کی مجموعی دولت میں صرف ایک دن میں 29 ارب ڈالرز کی کمی ہوئی ہے کیونکہ کمپنی کے اسٹاک میں کم از کم 26 فیصد کی ریکارڈ کمی دیکھی گئی، جس سے 200 ارب ڈالرز سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

رپورٹس کے مطابق یہ گراوٹ اس وقت ہوئی جب کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ 2021 کی آخری سہ ماہی میں فیس بک پر صارفین کی تعداد میں پہلی بار کمی آئی۔

واضح رہے کہ یہ اب تک امریکا میں کسی بھی کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں ایک دن میں سب سے زیادہ کمی تھی۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق  اس کمی نے زکربرگ کو دنیا کا 12واں امیر ترین آدمی بنا دیا ہے۔

ان کی کل دولت اب 84.8 ارب ڈالرز ہے جو کہ بھارت کے بزنس مین مکیش امبانی اور گوتم اڈانی سے بھی کم ہے۔ امبانی کی دولت 89.5 ارب ڈالرز اور اڈانی کے 90.5 ارب ڈالرز سے کم ہے۔

امیرسے امیر تر کون ہو رہا ہے؟

ایمازون کی جانب سے بڑے پیمانے پر کمائی کی اطلاع کے بعد ارب پتی جیف بیزوس کی مجموعی دولت میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔

توقع ہے کہ بیزوس اپنی مجموعی دولت میں تقریباً 20 ارب ڈالرز کا اضافہ کریں گے۔

ایمازون کے منافع میں اضافے کی وجہ الیکٹرک وہیکل کمپنی ریوین میں سرمایہ کاری بھی ہے۔

پچھلے سال بیزوس کی دولت 57 فیصد بڑھ کر 177 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جس کی بنیادی وجہ کووڈ 19 کی وبا کے دوران ایمازون کی ترقی تھی کیونکہ وبائی مرض نے زیادہ صارفین کو آن لائن شاپنگ کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور کر دیا۔