LIVE

دلہا کی اپنے ہاتھوں سے دلہن کو سگریٹ پلانے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک
February 05, 2022
 

جوڑے کی جانب سے شادی جیسے اہم دن کی مختلف خوبصورت ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ایک ٹرینڈ بن گیا ہے اور  سوشل میڈیا پر  آج کل ایک ایسی ہی ویڈیو  وائرل ہے۔

سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں سیاہ تھری پیس سوٹ میں ملبوس دلہا کو اپنے ہاتھوں سے عروسی جوڑا زیب تن کیے دلہن کو سگریٹ پلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

چند سیکنڈ کی ویڈیو میں دلہا دلہن کو  سگریٹ پلاتا ہے اور پھر دلہن کو دھواں اڑاتا دیکھ مسکرا کر وہی سگریٹ خود پینا شروع کردیتا ہے۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا اظہار دیکھنے میں آرہا ہے۔

ایک طرف صارفین کا کہنا ہے ویڈیو میں دلہن اکیلے سگریٹ نوشی نہیں کر رہی لہٰذا صرف دلہن کو تنقید کا نشانہ بنایا جانا مناسب نہیں ہے تو دوسری جانب متعدد صارفین کی جانب سے دلہا دلہن دونوں کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اداکار و کامیڈین آدی عدیل امجد کی جانب سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جوڑے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ویڈیو کہاں کی ہے اور دلہا دلہن کا تعلق کہاں سے ہے۔