LIVE

’اگر پاکستانی کھلاڑی دوسرے ملک میں فالکنر جیسی حرکت کرتا تو سخت ایکشن ہوتا‘

ویب ڈیسک
February 20, 2022
 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کے رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام 'جشنِ کرکٹ' میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ہر اس کھلاڑی کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے جو اس قسم کی الزام تراشی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیمز فالکنر نے بہت غلط حرکت کی، پاکستان کرکٹ بورڈ کو جیمز فالکنر  کی اس حرکت سے سختی سے نمٹنا چاہیے کیونکہ اس قسم کی چیزیں ملک کے وقار اور عزت کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستانی کھلاڑی کسی دوسرے ملک میں ایسا کرتا تو اس کے خلاف سخت ایکشن ہوتا۔

اس موقع پر انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ کے سابق ہیڈ کوچ باب وولمر کے واقعے کو یاد کیا اور کہا کہ انہوں نے  2007 کے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف پاکستان کی ہار کو اپنے دل پر لیا اور خودکشی کر لی، اس کے بعد پاکستان کے خلاف مکمل تحقیقات کی گئی تھیں۔

جیمز فالکنر کا معاملہ کیا ہے؟

واضح رہے کہ پی ایس ایل کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر جیمز فالکنر نے پی سی بی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ  ان سے معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی۔

آسٹریلوی کرکٹر نے اپنے ٹوئٹر بیان میں مزید کہا کہ وہ اپنے پورے وقت کے لیے یہاں موجود رہے ہیں لیکن ان سے بورڈ نے مسلسل جھوٹ بولا جس وجہ سے وہ دلبرداشتہ ہوئے اور لیگ کو چھوڑا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیمز فالکنر کے الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹر کے الزامات کا جلد تفصیلی جواب دیا جائے گا۔