LIVE

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کونسے کھلاڑی اہم ایوارڈز لے اُڑے؟

سہیل عمران
February 28, 2022
 

محمد رضوان کو پلیئر آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کا قرار دیا گیا ہے۔ —فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ایونٹ کے اختتام پر ملتان سلطانز کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پلیئر آف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7  قرار دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ  بورڈ(پی سی بی) ایوارڈز میں سب سے قیمتی کرکٹر اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کے 13 میچز میں 546 رنز بنانے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ 

اس دوران انہوں نے47 چوکے اور 9 چھکے جڑنےسمیت 7 نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ  انہوں نے وکٹوں کے پیچھے بھی 9 شکار کیے۔

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو بالترتیب ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹر اور بہترین بولر قرار دیا گیا ہے۔ 

فخر زمان نے ٹورنامنٹ میں 153 کے اسٹرائیک ریٹ سے 588 رنز اسکور کیے جبکہ شادب خان نے 6.47 کے اکانومی ریٹ سے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں حاصل کیں۔

اس  کے علاوہ خوشدل شاہ کو ٹورنامنٹ کا بہترین آل راؤنڈر اور بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔ انہوں نے ایونٹ میں 153 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 16 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے زمان خان کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا ایمرجنگ کرکٹر قرار دیا گیا، پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے زمان خان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کیں۔

اس دوران امپائر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا ایوارڈ راشد ریاض جبکہ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ ملتان سلطانز کو دیا گیا۔

ایوارڈز اور انعامی رقم

فوٹو: فائل

واضح رہے کہ امپائر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل کے علاوہ تمام ایوارڈز کمنٹری پینل میں شامل ارکان کی جانب سے دیے گئے ہیں۔