LIVE

پشاور دھماکا: حملہ آورکے کچھ سہولت کاروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا

نادیہ صبوحی
March 05, 2022
 

خودکش بمبارکی شناخت بھی کرلی گئی ہے جب کہ دہشتگرد اور اس کے ساتھیوں کو لانے والے رکشہ ڈرائیور تک پولیس نے رسائی حاصل کرلی ہے— فوٹو: فائل

پشاور میں جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ کرنے والے کے کچھ سہولت کاروں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث نیٹ ورک کا پتا لگا لیا گیا ہے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا ہے کہ عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

پشاور کی جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ آور کو لانے والے کچھ سہولت کاروں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔خودکش بمبارکی شناخت بھی کرلی گئی ہے جب کہ دہشتگرد اور اس کے ساتھیوں کو لانے والے رکشہ ڈرائیور تک پولیس نے رسائی حاصل کرلی ہے۔

پولیس کے مطابق دہشتگرد تربیت یافتہ تھا، واقعے کے بعد جائے وقوع اور اطراف میں جیو فسنگ بھی کی گئی۔ خودکش کے جسمانی اعضاء اور فنگر پرنٹس بھی حاصل کیے گئے۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے امام بارگاہ آخوند آباد کا دورہ کیا اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کے مجرمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔