LIVE

حکومت عدم اعتماد کو کیسے پاش پاش کرے گی؟ بابر اعوان نے بتا دیا

ویب ڈیسک
March 13, 2022
 

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو آئین اور قانون کے ذریعے پاش پاش کر دیں گے۔

اسلام آباد میں جاری تین روزہ اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے عمران خان سے وفا کی، کپتان آپ سے عہد نبھائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرون ملک مقیم ایک کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے چکا ہے، سمندر پار پاکستانیوں نے وزیراعظم کی آواز میں آواز ملائی، پاکستان میں آئندہ حکومت بھی عمران خان کی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے تین سال میں وہ اقدامات کیے جو 70 سالوں میں نہیں ہوئے، اپوزیشن نے ضمیر خریدے اور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، آرٹیکل 63 اے کو ضمیروں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے دستور میں شامل کیا گیا۔

مشیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو آئین اور قانون کے ذریعے پاش پاش کریں گے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا پہلے مودی کو شادیوں میں بلوا کر ساڑھیوں کے تحفے پیش کیے جاتے تھے، آج مودی کو حماقت سے اجتناب کرنے کی تنبیہ اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔