LIVE

کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ، مستثنیٰ علاقے بھی کئی گھنٹے بجلی سے محروم

ویب ڈیسک
May 13, 2022
 

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

کراچی کے شدید گرم موسم میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں بے حد اضافہ کر دیا ہے، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔

ایک ماہ پہلے تک جن علاقوں میں بجلی صرف ایک ایک گھنٹے کے لیے جاتی تھی اب وہاں بھی تین سے چار مرتبہ بجلی 3، 3 گھنٹے بند کی جا رہی ہے۔

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 14 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جاری ہے، 20 فیصد سے کم نقصان والے علاقوں اور 400 صنعتی فیڈرز پر لوڈشیدنگ نہیں کی جا رہی۔