LIVE

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کرکٹرز کے معاوضے بڑھانے کا فیصلہ

سہیل عمران
May 13, 2022
 

قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ایمرجنگ کیٹگری میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے اور دو فارمیٹس ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ میں کنٹریکٹ دینے کی تجویز سامنے آگئی— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں معاوضے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی کرکٹرز  کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ایمرجنگ کیٹگری میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے اور دو فارمیٹس ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ میں کنٹریکٹ دینے کی تجویز سامنے آگئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے اس ہفتے تک متعدد میٹنگز ہوئی ہیں اور کئی ایک تجاویز سامنے آئی ہیں اور ابھی مشاورتی عمل جاری ہے۔

ایک تجویز کے مطابق ریڈ بال اور وائٹ بال فارمیٹ کے لحاظ کنٹریکٹ دینے کی تجویز ہے، کھلاڑیوں کو دو فارمیٹس کے لحاظ سے کنٹریکٹ دینے کی بات ہو رہی ہے۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں کھلاڑیوں کی تعداد بڑھانے کی بھی تجویز ہے۔ ابھی ایمرجنگ کیٹیگری میں تین کھلاڑی شامل ہیں، آئیکونک کھلاڑیوں کیلئے فنڈز  بنانے کی تجویز ہے تاکہ فنڈز سے انہیں پیسے دیے جائیں اور وہ کم سے کم لیگز کھیلیں اور اس سے سرکردہ کرکٹرز کے ورک لوڈ کو مینیج کیا جا سکے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے معاوضے دنیا کے دوسرے کرکٹنگ ممالک کے مقابلے میں کم ہیں اس گیپ کو کم کرنا ہے اور اس کی کوشش کافی عرصے سے جاری ہے، اس مرتبہ بھی نئے کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں لازمی اضافہ کیا جائے گا۔