LIVE

کرسچن کمیونٹی کی درخواست پر پی ٹی آئی کا جلسہ روکا: ڈی سی سیالکوٹ

ویب ڈیسک
May 14, 2022
 

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کاکہنا ہےکہ سی ٹی آئی گراؤنڈ میں کبھی بھی سیاسی اجتماع نہیں ہوا اور انتظامیہ نے کرسچن کمیونٹی کی درخواست پر جلسہ کرنے سے روکا۔

ڈی سی سیالکوٹ عمران قریشی نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی نےدرخواست دی تھی کہ گراؤنڈ میں مذہبی رسومات ہوتی ہیں، یہ مسیحی برادری کی جگہ ہے، مسیحی برادری نےکہا کہ ہماری جگہ پرسیاسی جماعت جلسہ کررہی ہے جس پر ہم نے بار بار پی ٹی آئی سے درخواست کی کہ جگہ بدل لیں لیکن پی ٹی آئی والے بضد تھے کہ ہمیں  مسیحی برادری کی جگہ پر ہی جلسہ کرنا ہے۔

ڈی سی نے کہا کہ کسی کی پرائیویٹ جگہ پرجلسےکے لیے اجازت کی ضرورت ہوتی ہے  لہٰذا ہم نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہے، عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے،  ہم انہیں جلسے کےلیے متبادل جگہ دینے کا تیار ہیں۔

دوسری  جانب ڈی پی او سیالکوٹ کاکہنا ہےکہ گراؤنڈ کو خالی کرادیا گیا  ہے، ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ گراؤنڈ میں جلسے کو روکیں جب کہ ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، ہمارے پاس ہدایات ہیں کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔