LIVE

آئی فون 14 سیریز اس سال تاخیر سے متعارف کرائے جانے کا امکان

ویب ڈیسک
May 27, 2022
 

یہ نئے آئی فون نہیں بلکہ آئی فون 13 پرو ماڈلز ہیں / رائٹرز فوٹو

ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز عموماً ستمبر کے وسط میں متعارف کرائے جاتے ہیں مگر اس سال نئی ڈیوائسز میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق کووڈ 19 کیسز کے باعث چین کے مختلف حصوں میں لاک ڈاؤنز سے آئی فون 14 سیریز کی تیاری تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے سپلائرز پر آئی فونز کے لیے درکار پرزہ جات کی تیاری کا عمل تیز کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ پروڈکشن شیڈول کے مطابق ہوسکے۔

شنگھائی میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کے بعد فوکس کون سمیت 3 اہم سپلائرز کے کارخانوں کے دوبارہ کھلنے کا عمل سست روی کا شکار ہے۔

تخمینے کے مطابق چین میں لاک ڈاؤن اور آئی فون 14 سیریز کے ماڈلز کی پروڈکشن میں تاخیر سے ایپل کو 8 ارب ڈالرز کا نقصان ہوسکتا ہے۔

شیڈول کے مطابق تمام نئے آئی فونز کو جون میں ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا ہے مگر رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون 14 سیریز کا کم از کم ایک ماڈل کی تیاری کا عمل شیڈول سے کم از کم 3 ہفتے پیچھے ہے۔

ایپل کی پوری کوشش ہے کہ آئی فون 14 سیریز کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن ستمبر میں ہوجائے مگر ایسا ہوتا ہے یا نہیں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے جس وجہ سے ان کو متعارف کرانے میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے۔