LIVE

عامر لیاقت کا خون ہم سب کے ہاتھوں پر ہے: اشنا شاہ

ویب ڈیسک
June 11, 2022
 

انہیں ایک عورت نے عوامی طور پر برہنہ کر دیا تھا جس سے انہوں نے قانونی طور پر شادی کی تھی: اداکارہ__فوٹو فائل

معروف اداکارہ اشنا شاہ نے عامر لیاقت حسین کی اچانک موت پر سوشل میڈیا صارفین پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ نے عامر لیاقت کے انتقال پر ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ 'انہوں نے ہمیں تفریح کا سامان مہیا کیا جسے ہم نے دیکھا اور ہم ہنسے، مجھے امید ہے کہ وہ اب سکون میں ہوں گے'۔

اشنا شاہ نے مزید لکھا کہ 'اللہ پاک ہمیں ہمارے ہنسنے پر معاف فرمائے'۔

گزشتہ روز  اپنی ایک اور  ٹوئٹ میں اداکارہ نے سخت الفاظ کا استعمال کیا اور لکھا کہ 'انہیں ایک عورت نے عوامی طور پر  برہنہ کر دیا تھا جس سے انہوں نے قانونی طور پر شادی کی تھی'۔

انہوں نے لکھا کہ 'جس کسی نے ان کی ویڈیوز شیئر کیں، ان پر ہنسا، اُن ویڈیوز کو دیکھا، ان سب کے ہاتھ پر عامر لیاقت کا خون ہے، ہمارے ہاتھوں پر عامر لیاقت کا خون ہے'۔

یاد رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت دو روز قبل اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات عامر لیاقت کے دل میں تکلیف ہو رہی تھی انہیں اسپتال جانے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا۔