LIVE

اسرائیلی صدر کا ترک ہم منصب کو فون،دہشت گردانہ سرگرمیاں نا کام بنانے پر شکریہ ادا کیا

ویب ڈیسک
June 20, 2022
 

 اسرائیل کے صدر اسحاک ہرزوگ کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔—فوٹو:فائل

 اسرائیل کے صدر اسحاک ہرزوگ کا ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

اسرائیلی صدارتی دفتر کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں اسرائیلی صدر نے ترک سرزمین پر دہشت گردانہ سرگرمیاں ناکام بنانے پر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

اسرائیلی صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے میں اسرائیلی صدر اسحاک ہرزوگ نے انسداد دہشتگردی کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے  مطابق بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے امن و استحکام کے لیے تعاون کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات اور علاقائی معاملات بشمول سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بات چیت پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے کچھ روز پہلے ممکنہ ایرانی حملے پر اسرائیلی شہریوں کو ترکی سے واپس آنے کی ہدایت کی تھی۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی وزیرخارجہ اگلے ہفتے ترکی جائیں گے اور  ترک ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔