LIVE

آج کل لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکے شادی کیلئے زیادہ بے تاب ہیں: انیل کپور

ویب ڈیسک
June 23, 2022
 

آج کل کے لڑکے شادی کے لیے زیادہ بے تاب ہیں جب کہ لڑکیوں کی طرف سے ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں ملتا: انیل کپور__فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار  انیل کپور نے آج کل کی شادیوں اور لڑکے لڑکیوں کے مزاج سے متعلق اظہارِ خیال کیا ہے۔

انیل کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'جُگ جُگ جیو' کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، ایک انٹرویو کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شادی سمیت اپنے کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔

اداکار نے کہا کہ 'آج کل کے بچوں میں بالکل صبر نہیں ہے اور لڑکے شادی کے لیے زیادہ بے تاب ہیں جب کہ لڑکیوں کی طرف سے ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں ملتا، لڑکیاں کہتی ہیں کہ وقت ہوگا تو کرلیں گے'۔

انیل کپور کا کہنا تھا کہ 'اب خواتین زیادہ سمجھدار اور بااختیار ہیں، وہ اس حوالے سے کوئی دباؤ نہیں لیتیں، میری دونوں بیٹیوں کا یہ خیال تھا کہ ہمیں شادیاں کرنی ہیں اور بچوں کی بھی خواہش ہے لیکن یہ سب اپنے وقت پر ہی کریں گے اور انہوں نے ایسا ہی کیا'۔

دوسری جانب اپنے کیریئر کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 'میں نے کئی فلمیں دوستوں کی مدد کے لیے کردیں، بعد میں مجھے خود سمجھ نہیں آیا کہ ایسا کیوں ہوا، مختلف وجوہات  تھیں لیکن میں نے فلمیں بس کردیں'۔

واضح رہے کہ فلم جُگ جُگ جیو 24 جون کو ریلیز کی جائے گی۔