LIVE

عوام جولائی میں بجلی اور سردیوں میں گیس کے بحران کیلئے تیار ہوجائے، مصدق ملک

ویب ڈیسک
June 24, 2022
 

فوٹو:فائل

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام جولائی میں بجلی اور سردیوں میں گیس کے بحران کے لیے تیار ہوجائے۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں  بات چیت کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حکومت جولائی کے لیے اسپاٹ پر ایل این جی کا انتظام نہیں کر سکی اور اب مہنگی قیمتوں پر بھی سپلائر دستیاب نہیں ۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ دو سال پہلے 4 ڈالر کی ایل این جی مل رہی تھی مگر گزشتہ حکومت نے موقع ضائع کیا اور طویل مدتی معاہدے نہیں کیے ، اب 40 ڈالر پر بھی ایل این جی دستیاب نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم فرنس آئل اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار اور بڑھائیں گے ، 15 جولائی کے بعد ڈیمز میں پانی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، اس سے بھی لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔

مصدق ملک نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر دو بڑے ایل این جی ٹرمینل لگانا چاہتا تھا مگر گزشتہ حکومت میں کرپشن کے الزامات سامنے آتے رہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ جو سرمایا کار ایل این جی ٹرمینل لگانے کی کوشش کررہے تھے وہ واپس آئیں۔