LIVE

’کے الیکٹرک نے رات کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی کرادی‘

ویب ڈیسک
June 30, 2022
 

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیر صدارت کراچی میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پراجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کے حکام شریک ہوئے/ فائل فوٹو

کے الیکٹرک نے 24 گھنٹے میں شہر میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال میں بہتری کی یقین دہانی کرادی۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیر صدارت کراچی میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پراجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کے حکام شریک ہوئے۔

وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے 24 گھنٹے میں صورتحال میں بہتری اور دو سے تین روز میں رات کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ  کمشنر کراچی نے عوامی نمائندوں اور شہریوں کی سہولت کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیاہے۔

ادھرترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کل سوئی سدرن کو مزید 50 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی ہے  جب کہ وفاقی حکومت سے ملنے والی رقم کے حصول میں تاخیر کے باعث کمپنی کو مالی مسائل کا سامنا ہے، ایندھین کی بھی قلت ہے، حکام کو تمام مسائل سے آگاہ کردیا  ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔