LIVE

واٹس ایپ پر اب ’Voice Notes‘ بھی اسٹیٹس پر لگایا جا سکے گا

ویب ڈیسک
July 14, 2022
 

وائس نوٹ کے اسٹیٹس پر بھی پرائیویسی ہوگی یعنی اسے وہ ہی لوگ دیکھ سکیں گے جسے آپ دکھانا چاہیں گے__فوٹو فائل

میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر جلد ہی ایک ایسی اپ ڈیٹ آنے والی ہے جس میں یقینی طور پر صارفین کی خوب دلچسپی ہو گی۔

واٹس ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق ایپ پر اب  ’Voice Notes‘ اسٹیٹس پر لگانے کی اجازت بھی ہو گی۔

اس سے قبل صارفین ویڈیوز اور تصاویر اسٹیٹس پر لگایا کرتے تھے لیکن اب واٹس ایپ ایسا فیچر متعارف کرانے والا ہے جس سے وائس نوٹس بھی اسٹیٹس پر لگانا ممکن ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے طور پر شیئر کیے گئے وائس نوٹ کو ’وائس اسٹیٹس‘ کہا جا سکتا ہے۔

واٹس ایپ بیٹا انفو نے اس فیچر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں اسٹیٹس پر وائس نوٹ سپورٹ کی فعالیت واضح کی گئی ہے۔

اسکرین شاٹ/ واٹس ایپ بیٹا انفو

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیٹس ٹیب کے نیچے موجود نئے آئیکن کے ذریعے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پر فوری طور پر وائس نوٹ بھیجا جا سکے گا۔

تاہم وائس نوٹ کے اسٹیٹس پر بھی پرائیویسی ہوگی یعنی اسے صرف وہی لوگ سن سکیں گے جنہیں آپ سنانا  چاہیں گے۔

واٹس ایپ نے فی الحال یہ اعلان نہیں کیا کہ صارفین اس فیچر کو باقاعدہ طور پر کب استعمال کر سکیں گے تاہم اس فیچر  پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔