LIVE

عمران خان کو پارٹی اور عارف علوی کو صدرکے عہدے سے فوری استعفیٰ دیناچاہیے: فضل الرحمان

ویب ڈیسک
August 03, 2022
 

فوٹو: فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان اور  پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم ہے، عمران خان کو پارٹی عہدے سے اور صدر علوی کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوچکا ہےکہ یہ غیر ملکی ایجنٹ اور کٹھ پتلی ہے، صرف عمران خان مجرم نہیں بلکہ پورا ٹبر مجرم ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پارٹی عہدے سے اور صدرعلوی کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے، عمران خان کو تاریخ میں نشان عبرت بنا دینا چاہیے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اکبر ایس بابر کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے 2011 میں عمران خان کو ذاتی طور پر ان جرائم سے آگاہ کیا تھا،اب عمران خان کا یہ کہنا کہ مجھے معلوم نہیں یہ عذر لنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مسئلہ ریاست کی بقا کا ہے، ریاست کی بقا کے لیے ریاست کے تمام ذمہ داروں کو  یک جان ہوکر ملک کو بچانا چاہیے۔