LIVE

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں آج بھی نمایاں کمی

ویب ڈیسک
August 04, 2022
 

یہ برینٹ کی 21 فروری 2022 اور امریکی خام تیل کی 3 فروری 2022 کے بعد سے اب تک کی کم ترین قیمت ہے— فوٹو: فائل

واشنگٹن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں آج بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔ روس یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ امریکی خام تیل کی کم ترین قیمت ہے۔

خیال رہے کہ 24 فروری 2022 کو روس نے یوکرین پر حملہ کردیا تھا جس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں تھیں تاہم اب ان میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

آج برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں بھی 2.88 ڈالر کمی ہوئی جس کے بعد وہ 93.90 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ امریکی خام تیل کی قیمت 2.37 ڈالر کمی کے بعد 88.29 ڈالر پر فروخت ہوا۔

یہ برینٹ کی 21 فروری 2022 اور امریکی خام تیل کی 3 فروری 2022 کے بعد سے اب تک کی کم ترین قیمت ہے۔