LIVE

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مسجد کے اندر ایک شخص نے اپنا گلا کاٹ لیا

ویب ڈیسک
August 05, 2022
 

جب جمعے کی نماز کا سلام پھیرا تو شور ہوا، میں پہلی صف میں تھا اور بابر ساتویں صف میں تھا: مؤذن— فوٹو : فائل

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان راحت فیز 6 میں مسجدِ عمر فاروق میں ایک شخص نے اپنا گلا کاٹ لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تیز دھار آلے سے گلا کاٹنے کے باعث خون زیادہ بہہ گیا ہے جبکہ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ زخمی شخص ممکنہ طور پر نفسیاتی مریض لگتا ہے۔

پولیس کے مطابق اسپتال میں زخمی شخص کا ابتدائی بیان لیا گیا ہے، ابتدائی بیان کے مطابق خود کشی کی کوشش کی وجہ پریشانی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد انتظامیہ کا بیان بھی لیا گیا ہے،  واقعہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے فوراً بعد پیش آیا۔

اس حوالے سے زخمی شخص کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ زخمی بابرکے تین بیٹے اور دوبیٹیاں ہیں، ایک بیٹی دبئی، بیٹااسلام آباد میں ہے، قرض کا بوجھ ہے نہ ہی بابر کو کوئی نفسیاتی مسئلہ ہے۔

مسجد کے مؤذن عزیز الرحمان کا کہنا ہے کہ جب جمعے کی نماز کا سلام پھیرا تو شور ہوا، میں پہلی صف میں تھا اور  بابر ساتویں صف میں تھا، یہ شخص کرسی پر بیٹھا ہوا تھا اور خون بہہ رہا تھا، ملعوم کیا تو پتہ چلا کہ بابر نے گلے پر استرا پھیر لیا ہے، اتنی دیر میں زخمی شخص کے بیٹے اور پولیس والے آگئے اور اسپتال لے گئے۔

مؤذن نے بتایا کہ زخمی شخص مسجد میں باقاعدگی سے نماز کیلئے آتے تھے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ زخمی بابر ٹیکسٹائل کے پیشے سے وابستہ ہے اور شخص ڈپریشن کا مریض ہے۔

پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ زخمی بابر چینوٹی مالی طور پر مستحکم ہے،گھریلو تنازعات کا شکار تھا، زخمی شخص کا کپڑے کا کاروبار ہے، آن لائن ٹیکسی میں بھی گاڑیاں چلتی ہیں۔