LIVE

شہباز کیخلاف بغاوت کے مقدمےکی سماعت سول عدالت میں کی جائے یا کورٹ مارشل؟ مشاورت جاری

ویب ڈیسک
August 09, 2022
 

پاک فوج کے خلاف بغاوت پر کورٹ مارشل کا یہ فٹ کیس ہے، حکومت عدالت میں اس پر پوزیشن لے سکتی ہے: حکومتی حلقوں کی رائے— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما شہباز گل کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت سے متعلق اعلیٰ حکومتی حلقوں میں مشاورت جاری ہے۔ 

ذرائع کے مطابق شہبازگل کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت سول عدالت میں کی جائے یا کورٹ مارشل؟ اس اہم معاملے پر اعلیٰ حکومتی حلقوں میں مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض حکومتی حلقوں نے رائے دی کہ پاک فوج کے خلاف بغاوت پر کورٹ مارشل کا یہ فٹ کیس ہے، حکومت عدالت میں اس پر پوزیشن لے سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے اصرار کا امکان ہے کہ شہباز گل بغاوت کیس مارشل کی قانونی حدود میں آتا ہے۔

حکومت نے اس معاملے پر باضابطہ تصدیق یا تردید سے انکار  کردیا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کی دفعات کے تحت تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔